لاہور: (دنیا نیوز) عید قرباں قریب آتے ہی لاہور کے کوچہ و بازار میں بھکاری مافیا نے پنجے گاڑ لئے۔ کوئی چوک، شاہراہ پیشہ ور گداگر وں سے آزاد نہیں۔ حکومتی ادارے بھکاری مافیا سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
لاہور بھکاری مافیا سے پاک نہ ہو سکا، چوک چوراہوں میں ہر جگہ بھکاریوں کے ڈیرے ہیں، پیشہ ور بھکاریوں نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے۔ مسلم ٹاؤن موڑ، وحدت روڈ، ریگل چوک، انارکلی، ٹھنڈی سڑک سمیت تمام مقامات اور ٹریفک سگنلز بھکاریوں کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔
شہر کے کسی سگنل پر رکیں تو ان کی یلغار سے بچ نہیں سکتے، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کا کہنا ہے کہ گمشدہ و لاپتہ بچوں کو سڑکوں سے اپنی تحویل میں لے رہے ہیں۔
پیشہ ور بھکاری خاندانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیلئے محکمہ پولیس سے درخواست کی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق احمد خان کہتے ہیں 6 ماہ میں 500 پیشہ ور گداگروں کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں۔ گداگروں کو عید پر شہریوں کو یرغمال نہیں بنانے دیں گے۔
حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام کو پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کرکے بھکاری مافیا سے چھٹکارہ پانا ہوگا۔