کراچی: (دنیا نیوز) رواں سال کراچی میں پولیس گردی کا پہلا واقعہ سامنے آگیا۔ آئی آئی چندری گڑھ روڈ پر ون فائیو اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے آئی آئی چند ریگر روڈ پر پولیس کی فائرنگ سے اسلم نامی شہری جاں بحق ہو گیا جبکہ شہری وقار زخمی ہوگیا۔
واقعے کی موبائل فوٹیج میں زخمی وقار کے دوست نعمان کے ہاتھ اوپر اور مسلح اہلکاروں کو اسکے قریب دیکھا جاسکتا ہے۔
نعمان کے مطابق وہ وقار کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کال سننے کیلئے جیب سے موبائل نکالتے ہی اہلکاروں نے فائرنگ کردی۔
وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور پولیس حکام نے واقعے کا نوٹس لے لیا، فائرنگ کرنے والے تینوں اہلکاروں کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔ زیر حراست اہلکاروں میں حبیب،عمران اور سرفراز شامل ہیں۔