لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت کے مختلف مقامات سے بچے سمیت 3 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رائیونڈ کے علاقہ سے بچے کی تشدد زدہ لاش ملی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے بچے کو سر میں اینٹ مار کر قتل کیا۔ بچے کی شناخت محمد اویس ولد شوکت کے نام سے ہوئی۔
دریں اثنا کاہنہ کے علاقے گجومتہ میں گھر سے شدید تعفن اٹھنے کی اطلاع پر کاہنہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ دروازہ توڑنے پر گھر سے امانت بھٹی نامی شخص کی 2 دن پرانی لاش برآمد ہوئی جو اس مکان میں کرائے دار تھا اور چونگی امرسدھو ہوٹل پر کام کرتا تھا۔
امانت بھٹی کے بھانجے جاوید اقبال نے پولیس کو بتایا ہے کہ اس کے ماموں کو دل کا دورہ بھی پڑتا تھا۔ متوفی قصور کا رہائشی تھا۔ ادھر دریائے راوی سے 35 سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔