عید کے 3 روز: باپ بیٹے، میاں بیوی سمیت 9 افراد قتل

Last Updated On 05 August,2020 11:18 pm

لاہور، فیروزوالہ، مریدکے (روزنامہ دنیا) عید کے تین روز کے دوران لڑائی جھگڑوں کے مختلف واقعات میں باپ بیٹے اور میاں بیوی سمیت 9 افراد قتل کر دیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ فیروزوالہ کے گاؤں گول میں کھیتوں کو پانی لگانے کے تنازع پر اﷲ دتہ نے اپنے بیٹے علی رضا کی مدد سے فائرنگ کر کے اپنے بھائی طارق اور اسکے 16 سالہ بیٹے مجتبیٰ طارق کو قتل کر دیا فیروز والہ پولیس نے ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔

مرید کے کے تھانہ صدر کے علاقہ خرابہ میں بڑے بھائی نے پسند کی شادی کرنے پر چھوٹے بھائی اور بھابھی کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقتولین ایک کمسن بچے کے والدین تھے۔ بتایا گیا کہ چوڑا راجپوتاں کے رہائشی صداقت نے سحرش نامی لڑکی سے دو سال قبل پسند کی شادی کی، بڑے بھائی لیاقت کو یہ رشتہ نا پسند تھا جس نے بھائی رفاقت وغیرہ کی مدد سے موقع پاکر اپنے چھوٹے بھائی اور بھابھی کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

ادھر بدوملہی کے نواحی گائوں باٹھانوالہ میں سابق یوسی ناظم چودھری محمد اقبال بھنڈر (مرحوم) کے جوان بیٹے فہد اقبال بھنڈر اور چچازاد شکیل کا سجاد عرف ننھا اور ناصر عرف غنی کیساتھ دھان کی پنیری کے معاملے پر معمولی جھگڑا ہوگیا۔ جس پر سجاد نے فہد اقبال کے سینے میں چھری گھونپ دی جس سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑ گیا۔ پولیس نے ملزموں کوحراست میں لے لیا۔

گجرپورہ میں مخالفین نے تلخ کلامی پر فائرنگ کر کے نوجوان عمران کو قتل کر دیا، واقعہ کوٹ خواجہ سید ہسپتال کے نزدیک پیش آیا۔ شاہدرہ کے علاقہ لاجپت روڈ پر لین دین کے تنازع پر 35 سالہ فرحان کو اسکے اپاہج والد محمود کے سامنے دو ملزموں نے گلا دبا کر قتل کر دیا۔

اسلام پورہ میں موٹر سائیکل سواروں نے 60 سالہ شخص مشتاق کو سر میں فائر مار کر قتل کر دیا، نین سکھ کے رہائشی مشتاق کا بیٹا عمر نوانکوٹ کے رہائشی عامر کی بہن کو گھر سے بھگا کر لے گیا، عامر نے عمر اور اسکے بھائی ناصر کیخلاف اغوا کا مقدمہ درج کروا رکھا تھا، گزشتہ روز پولیس نے ناصر کو ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے مدعی عامر اور اسکے نامعلوم ساتھی نے مشتاق کا پیچھا کیا اور سگیاں کے قریب اسکی کنپٹی پر 2فائر مار کر قتل کر دیا۔

ہڈیارہ کے علاقے نڑوڑ گاؤں میں چار پائی بچھانے کے تنازع پر بارہ سالہ بچے عرفان عرف فانی نے گردن میں چھری مار کر دس سالہ بچے عبدالرحمن کو قتل کر دیا۔ پولیس نے 2 افراد کو حراست میں لے لیا۔