اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد اور راولپنڈی میں گردوں کی غیرقانونی پیوند کاری کے کاروبار میں ملوث چار ملزمان گرفتار کر لئے گئے، ملزمان 25 سے 30 لاکھ روپے میں گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری کرنے میں ملوث تھے، ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والا ڈاکٹر نہیں بلکہ ٹیکنیشن تھا۔
جڑواں شہروں میں غیرقانونی پیوندکاری کے انکشاف پر ایف آئی اے نے چھاپہ مارا، گردوں کی غیرقانونی پیوند کاری کرنے والا جعلی ڈاکٹر اور گردے بیچنے والے ایجنٹس کو ایف ٹین سے نجی ہسپتال کی پارکنگ سے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری کی ڈیل اسلام آباد جبکہ آپریشن راولپنڈی کے علاقوں میں ہوتے ہیں۔
لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والا مبینہ ڈاکٹر درحقیقت ٹیکنیشن نکلا جو شہریوں کی پیوند کاری کرتا تھا۔ ایف آئی اے نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی، جب کہ اس مکروہ دھندے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاریوں کے لئے چھاپے جاری ہیں۔
ملزمان غریب لوگوں کو پیسوں کا لالچ دیتے تھے، غریب لوگوں کو بلڈ سیمپل، ایڈوانس رقم اور تمام طبی سہولیات فراہمی کا لالچ دیا جاتا تھا۔