کراچی: سوک سینٹر میں لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے اپنے ہی ساتھیوں پر فائرنگ کرکے دو کو قتل کر دیا ہے۔ مقتولین میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وسیم رضا اور وسیم عثمانی شامل ہیں۔
فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور تفتیش شروع کر دی جبکہ امدادی ٹیموں نے ایمبیولینسوں کے ذریعے واقعے میں جاں بحق افراد کی لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سوک سینٹر میں فائرنگ کا واقعہ افسران کی آپس کی لڑائی لگتی ہے۔ فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول برآمد کر لیا گیا ہے۔ واقعے کے وقت موجود افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سوک سینٹر فائرنگ واقعے میں زخمی ہونے والا دوسرا افسر بھی دم توڑ گیا ہے۔ فائرنگ سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وسیم رضا اور وسیم عثمانی جاں بحق ہوئے۔
پولیس نے فائرنگ کرنے والے زخمی ملزم حفیظ کو حراست میں لے لیا ہے۔ بظاہر لگتا ہے کہ حملہ آور حفیظ نے خود کو گولی ماری۔ تفتیش کے بعد ہی حتمی طور پر کچھ کہا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ٹرانسفر پوسٹنگ کی وجہ سے پیش آیا۔ ملزم حفیظ الحسن اپنا ٹرانسفر رکوانا چاہتا تھا۔ ڈائریکٹر لینڈ رضا قائم خانی نےعہدہ سنبھالتے ہی اکھاڑ پچھاڑ شروع کر دی تھی۔ حفیظ دو روز سے ٹرانسفر رکوانے کیلئے منت سماجت سمیت مختلف حربے استعمال کرتا رہا۔
حفیظ الحسن نے اپنے ٹرانسفر کا ذمہ دار وسیم رضا اور وسیم عثمانی کو قرار دیا تھا۔ حفیظ الحسن میٹرول سے چارج چھوڑنا نہیں چاہتا تھا۔ حفیظ الحسن پندرہ سال سے میٹرول میں تعینات تھا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر وسیم رضا بھی بیس سال سے میٹرول میں تعینات تھے۔ سسٹنٹ ڈائریکٹر وسیم عثمانی میٹرول ، گلستاں جوہراورکمپنی سائیٹس پر تعینات تھے۔