گلگت: ( روزنامہ دنیا) انسداد دہشت گردی عدالت گلگت بلتستان نے سکردو میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور غیر اخلاقی ویڈیو بنانے کا جرم ثابت ہونے پر بڑا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے 2 مجرموں مظفر عباس اور تجمل عباس کو سزائے موت اور 10، 10 لاکھ جرمانہ جبکہ ملزم مبارک کو عمر قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمود الحسن نے مقدمے کو ہنگامی بنیادوں پر نمٹاتے ہوئے ایک ماہ کے اندر کیس کا فیصلہ سنایا ہے، کیس میں سزا پانے والے مجرموں میں مظفر عباس، تجمل حسین اور مبارک شامل ہیں، مجرموں سے 9 غیر اخلاقی ویڈیوز برآمد کی گئی ہیں۔
خیال رہے گزشتہ ہفتے لاہور میں کم سن بچوں کی خصوصی عدالت نے 6 سالہ بچی کو زیادتی کرنے کے بعد قتل کرنے والے مجرم رستم علی کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔
واضح رہے حکومت زیادتی کے مجرموں کو سخت سزائیں دینے کے لیے قانون لانے کا سوچ رہی ہے جس کا اعلان وزیراعظم عمران خان نے بھی کیا ہے۔ وزیراعظم زیادتی کے مجرموں کو نامرد بنانے کی سزا کے حامی ہیں۔