بوریوالا: اے سی کا نجی سکول کے گارڈ پر تشدد، وزیراعلیٰ کا نوٹس، عہدے سے ہٹا دیا

Published On 01 October,2020 05:23 pm

بورے والا: (دنیا نیوز) بورے والا میں نجی سکول کے گارڈ پر اسسٹنٹ کمشنر نے تشدد کیا، رانا اورنگزیب نے الٹا چوکیدار پر ہی مقدمہ درج کرا دیا ۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لے لیا اور اے سی کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

بوریوالہ میں نجی سکول کا گارڈ افسر شاہی کا شکار، گارڈ کو سکول چیکنگ کےلئے آنے والے اسسٹنٹ کمشنر کا ٹمپریچر چیک کرنا اور تعارف پوچھنا مہنگا پڑ گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب نے اپنے عملے سے سکول گارڈ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور جب غصہ ٹھنڈا نہ ہوا تو اسسٹنٹ کمشنر نے گارڈ کیخلاف بدتمیزی کرنے کا کہہ کر متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج کروا دی گئی۔

سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سکول گارڈ نے چیکنگ کیلئے آنے والے اسسٹنٹ کمشنر کو صرف تعارف پوچھا اور ٹمپریچر چیک کرنا چاہا،جس کا آفسر شاہی اسسٹنٹ کمشنر اورنگزیب کو شدید ناگوار گزرا اور گارڈ کوانتقام کا نشانہ بنانے کیلئے ایف آئی آر بھی درج کروا دی۔

دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بورے والا میں سکول کے گارڈ پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور اسسٹنٹ کمشنر بورے والا رانا اورنگزیب کو عہدے سے ہٹا دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ افسوسناک ہے۔ تشدد کا نشانہ بننے والے گارڈ کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔
 

Advertisement