گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ کے علاقہ گرجاکھ میں حسد کی آگ میں جلنے والی خاتون نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر پانچ سالہ بھانجے کا گلا کاٹ کر اسے قتل کیا اور لاش کو بوری میں بند کر کے کچرے کے ڈھیر پر پھینک دی، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تھانہ گرجاکھ کے علاقے کوٹلی رستم میں نند اور جیٹھانی کے جھگڑے نے پانچ سالہ معصوم بچے ابراہیم کی جان لے لی۔ پانچ سالہ بچے کے قاتلوں کو گرفتار کرنا پولیس کے لیے چیلنج بنا ہوا تھا۔ ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کیا اور شک کی بنا پر بچے کی ممانی سمیرا بی بی سے تفتیش شروع کی تو پہلے اس نے پولیس کو چکمہ دینے کی کوشش کی اور بعد ازاں اس نے قتل کا اعتراف کر لیا۔
حسد، بغض اور عدم برداشت نے پانچ سالہ معصوم بچے کو موت کے منہ میں دھکیل دیا جو معاشرے کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔