لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں مبینہ پولیس مقابلے کی ویڈیو سامنے آ گئی جس میں ڈولفن اہلکاروں کو زمین پر گرے ملزم کو گولیاں مارتےدیکھا جا سکتا ہے، وزیراعلی پنجاب نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے.
لیاقت آباد کے علاقے میں آج علی الصبح ہونے والے جعلی پولیس مقابلے کا بھانڈہ سی سی ٹی وی فوٹیج نے پھوڑ دیا۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم تعاقب کے دوران زمین پر گرا، اس کو اہلکاروں کی منتیں کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ڈولفن اہلکار زمین پر گرے ملزم کو گولیاں مارتے رہے جبکہ اہلکاروں نے ملزم کی جانب فائرنگ کا دعوی کیا تھا۔ فوٹیج میں ملزم پولیس سے بچنے کے لئے بھاگتا بھی نظر آتا ہے۔
ڈولفن پولیس نے دعوی کیا تھا کہ 4ملزمان خاتون کو اغواء کرکے ساتھ لے جانا چاہتےتھے، رکشہ میں سوار خاتون نے 15 پر کال کی جس پر ڈولفن اہلکار پہنچے تھے، اہلکاروں نے پہنچتے ہی ملزم کو زندہ پکڑنے کے باوجود گولیاں ماردیں۔ پولیس کے مطابق ملزم جہانگیر ریکارڈ یافتہ ہے اوراس کیخلاف ہوائی فائرنگ وشراب نوشی کے متعدد مقدمات درج ہیں ، ملزم کے تین ساتھی فرار ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لے کر آئی جی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔