کراچی ایئر پورٹ پر مختلف کارروائیاں، 3 مسافروں سمیت ایک کروڑ مالیت کا سامان تحویل میں لے لیا

Published On 15 December,2020 08:58 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کسٹم حکام ایک مرتبہ پھر متحرک ہو گئے، کراچی ائیرپورٹ پر 3 مختلف کارروائیوں میں 3 مسافروں سمیت ایک کروڑ روپے مالیت کا سامان اور پارسل تحویل میں لے لیا۔

ڈپٹی کلکٹرکسٹمز جناح ٹرمینل انعام وزیر کے مطابق نجی ائیرلائن کے ذریعے کراچی سے دبئی جانے والے مسافر نے ایک کلو گرام چاندی اور ایک سو دس گرام سونا اپنے سامان میں چھپایا ہو اتھا،برآمد ہونے والے طلائی زیورات قبضے لینے کے بعد مسافر کو گرفتارکرلیاگیاہے۔

ڈپٹی کلکٹرکسٹمزنے بتایا کہ ائیرپورٹ پر ایک اور کارروائی کے دوران دو مسافروں کوگرفتار کیا جن کے پاس سے گھڑیاں،موبائل فونز اوردیگر الیکٹرانک سامان برآمد ہوا،برآمد ہونے والے سامان کی مالیت ایک کروڑ روپے بنتی ہے۔

کسٹم حکام نے ائیرپورٹ پر تیسری کارروائی کرتے ہوئے برازیل جانے والے پارسل کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، ڈپٹی کلکٹرکسٹمز کے مطابق نارتھ ناظم کراچی سے بک پارسل سے قدیمی سکے برآمد ہوئے،شبہ ہے کہ قیمتی نوادرات کے اثاثوں کی اسمگلنگ میں منظم گروہ ملوث ہے۔