ساہیوال: (دنیا نیوز) ساہیوال ون فائیو پر کال کرنا شہری کو مہنگا پڑ گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شہری کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے اُلٹا اس کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ شہری کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو میڈیا کو موصول ہو گئی۔
ساہیوال کے نواحی گاؤں 110 نو ایل کے رہائشی اشرف کی زمین پر بااثر شخص رانا ممتاز نمبردار نے عرصہ دراز سے قبضہ کر رکھا ہے جس کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے اور عدالت سے اپنی زمین کا سٹے آرڈر بھی لے رکھا ہے۔
شہری کا کہنا ہے کہ سٹے آرڈر کے باوجود بھی رانا ممتاز زمین میں لگے درختوں کو کاٹ کر فروخت کرنا چاہتا۔ رانا ممتاز ساتھیوں سمیت جب میری زمین میں لگے سر سبز درختوں کی کٹائی کے لیے پہنچا تو میں نے روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جس پر میں نے اپنی جان بچانے کے لیے ون فائیو پر کال کرکے پولیس کو مدد کے لیے بلایا۔
شہری کا کہنا ہے کہ تھانہ ڈیرہ رحیم پولیس نے موقع پر پہنچ کر مجھے تحفظ دینے کی بجائے الٹا مجھے گالیاں نکالنے اور تھپڑ مارنے لگا اس کے علاوہ میری بیٹی اور میری بہنوں کو غلیظ قسم کی گالیاں دیتا رہا ۔
شہری نے مزید کہا کہ میری آئی جی پنجاب ,آر پی او ساہیوال اور ڈی پی او ساہیوال سے نوٹس لے کر مجھے تشدد کا نشانہ بنانے والے کے خلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ ہے۔