کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کوسٹ گارڈز نے اسمگلنگ کے خلاف بلوچستان اور کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے کروڑوں روپے کی منشیات اور چھالیہ برآمد کرلی، کارروائیوں کے دوران 12 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔
پاکستان کوسٹ گارڈز نے کراچی اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے بڑی تعداد میں منشیات، چھالیہ اور اسمگل شدہ ڈیزل برآمد کرلیا، ناکہ کھاری پر 5مسافروں سے41 کلو چرس، کرسٹل اور ہیروئن برآمد کر کے 5 اسمگلرز کو بھی گرفتار کرلیا گیا جبکہ مختلف گاڑیوں سے 34 ہزار 737 کلو چھالیہ اور دیگر اشیاء بھی برآمد کی گئیں۔
پسنی میں سیاہی نالے کے پہاڑوں کے درمیان چھپائی گئی81 کلو چرس برآمد کی گئی، ادھر ندراور پسنی میں چھپایا گیا 66 ہزار 5 سو لیٹر اسمگلڈ ایرانی ڈیزل بھی برآمد کر کے 6 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
کراچی کے علاقے گھارو میں جھاڑیوں میں چھپائی گئی 754 بوتلیں اعلیٰ کوالٹی کی شراب برآمد ہوئی۔ سپر ہائی و سے چیکنگ کے دوران 5814 کلو چھالیہ اور دیگر اشیا برآمد کرکے ایک ملزم کو دھر لیا گیا۔
پاکستان کوسٹ گارڈ کے ترجمان کے مطابق منشیات، شراب،چھالیہ اور متفرق اشیاء کی مالیت کروڑوں روپے ہے جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔