شجاع آباد:(دنیا نیوز) شجاع آباد میں پیش آنے والی افسوسناک واردات میں 4 مسلح ڈاکوؤں نے دلہن کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، دلہا پر تشدد کرتے رہے، 5 تولے سونا اور سوا لاکھ نقدی لوٹ کرفرار ہوگئے۔
شجاع کے علاقے موچی پورہ میں شادی والے گھر میں ڈکیتی اور دلہن سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، محمد لطیف نامی دلہا گزشتہ رات گیلے وال کے علاقے سے اپنی دلہن بیاہ کر گھر آیا۔ رات گئے 4 مسلح ڈاکو گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا۔
اہل خانہ کے مطابق 4 میں سے 3 ڈاکوؤں نے پولیس وردی پہنی ہوئی تھی، مسلح ڈاکوؤں نے 2 گھنٹے تک اہل خانہ کو یرغمال بنا کر رکھا، ڈاکو دلہا پر مبینہ تشدد بھی کرتے رہے اور دلہن سے مبینہ اجتماعی جنسی زیادتی کرنے کے بعد 5 تولہ سونا اور سوا لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ پولیس کی بھاری نفری اور کرائم سین کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کرلیے گئے۔
پولیس کے مطابق دلہا اور دلہن کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، میڈیکل ٹیسٹ کروائے جا رہے ہیں۔ فرانزک ٹیسٹ اور مزید تفتیش کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔