سکھر: (دنیا نیوز) سکھر میں تجاوزات کے خلاف ریلوے نے آپریشن کیا تو علاقہ مکینوں نے مزاحمت شروع کر دی، جھڑپوں کے دوران پولیس نے ہوائی فائرنگ اورشیلنگ کی، متعدد افراد کو گرفتار بھی کر لیا۔
سکھر میں ریلوے کی جانب سے اراضی واگزار کرانے کے لیے آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران ریلوے عملے نے پولیس کے ہمراہ سکھر کے علاقے گرم گودی میں کارروائی کی توعلاقہ مکین مشتعل ہو گئے اور انہوں نے مزاحمت شروع کر دی اور ریلوے کےعملے پر پتھراؤ کر دیا جس کے جواب میں ریلوے پولیس ان کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ اورشیلنگ کی جس کی وجہ سےعلاقہ مظاہرین اور ریلوے کے عملے کے درمیان کافی دیر تک میدان جنگ بنارہا۔
علاقہ مکینوں کی جانب سے مزاحمت کے باوجود ریلوے عملے نے تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھا اور دکانوں و گھروں سے لوگوں کا سامان باہر نکال کر رکھ دیا۔ مظاہرین اور ریلوے عملے کے درمیان جھڑپوں کی مداخلت پر پی ٹی آئی سندھ کے رہنما مبین جتوئی علاقے میں پہنچ گئے اورریلوے حکام سے مذاکرات کر کے جاری آپریشن پندرہ روز تک کے لیے موخر کروا دیا۔