لاڑکانہ: (دنیا نیوز) لاڑکانہ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا، پولیس نے مقابلے کے بعد 3 ڈاکو ہلاک کر دیئے۔
ذرائع کے مطابق لاڑکانہ شہر میں ڈکیتی اور رہزنی کی بڑھتی وارداتوں کے بعد پولیس کی جانب سے ناکہ بندی کی گئی تھی۔ تھانہ آریجا کی حدود میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار خالد کنگو اور برکت موقع پر ہی شہید جبکہ ایک اہلکار عبد الواحد چانڈیو شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور علاقے کا گھیراؤ کرنے کیساتھ ساتھ شہید اہلکاروں کی میت اور زخمی اہلکار کو چانڈکا میڈیکل ہسپتال پہنچایا جہاں زخمی کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پولیس نے ڈاکوؤں کا پیچھا کرکے ان گھیراؤ کیا تو دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا جو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا جس کے نتیجے میں 3 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔
ایس ایس پی عمران قریشی کے مطابق ڈاکوؤں کے قبضے سے 3 کلاشنکوف بر آمد کیے گئے ہیں۔