لاہور: (دنیا نیوز) مائرہ قتل کیس میں اہم پیشرفت، مرکزی ملزم ظاہر جدون نے پولیس کے سامنے قتل کا اعتراف کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے گزشتہ روز ظاہر کو اس وقت حراست میں لیا جب وہ عدالت سے ضمانت کروا کر شامل تفتیش ہونے کے لیے پیش ہوا، پولیس افسران رات گئے تک ملزم سے تفتیش کرتے رہے اور آخر کار ملزم ظاہر جدون نے قتل کا اعتراف کر لیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم نے سی آئی اے کے سامنے اعتراف جرم تو کر لیا لیکن آلہ قتل برآمد نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے بیان میں کہا ہے کہ اس کی مائرہ کے ساتھ تین سال سے دوستی تھی اور مائرہ کا کچھ عرصے سے اپنی فیملی کے ساتھ رابطہ نہیں تھا۔
ملزم کے مطابق مائرہ لاہور میں اپنے والدین کو بغیر بتائے رہ رہی تھی اور مقتولہ اس کو بلیک میل کرتی تھی جس کی وجہ سے وہ اس سے تنگ تھا۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے پولیس کے سامنے تو اعتراف کر لیا ہے لیکن عدالت کے رو برو بھی اعتراف کرنا ہوگا۔