لودھراں: 2 کم عمر بچیوں کی شادی کے واقعات، پولیس کی مداخلت، ملزمان کیخلاف مقدمات درج

Published On 01 June,2021 10:53 am

لودھراں: (دنیا نیوز) دنیاپور سمیت ضلع لودھراں میں ایک ہی روز کم عمر بچیوں کی شادی کے 2 واقعات ہوئے، پولیس نے شادی رکوا کر نکاح خواں سمیت 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، ملزمان فرار ہوگئے

پولیس کے مطابق ضلع لودھراں کی تحصیل دنیا پور کے چک نمبر 41 ایم میں عبدالشکور نامی شخص نے اپنی بیوی کی عدم موجودگی میں 11 سالہ بیٹی کا شرعی نکاح 40 سالہ پہلوان خان سے کردیا اور رخصتی بھی کردی۔

والدہ جب واپس آئی تو اس نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے اگلے دن لڑکی کو بازیاب کروا لیا اور پہلوان خان، نکاح خواں سمیت 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کم عمر لڑکی کا میڈیکل کروایا جارہا ہے، رپورٹ آنے پر اس کے مطابق مزید قانونی کاروائی کی جائے گی۔

اتوار کے روز ہی حویلی نصیر خان میں بھی والد نے بھاری رقم کے عوض اپنی 13 سالہ بیٹی کا نکاح 38 سالہ شخص سے کردیا تھا، اس واقعہ میں بھی پولیس نے شادی رکوا کر دلہن کی ماں اور خالہ سمیت 4 افراد کو گرفتار اور 13 کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔
 

Advertisement