لاہور: (روزنامہ دنیا) نشتر کالونی میں تیسر ی کلاس کی طالبہ سے زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ورثا نے پولیس کی جانب سے تعاون نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مقدمہ بچی کے والد شہزاد کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے خلاف درج کیا گیا، شہزاد نے ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا ہے کہ سکول کی ٹیچر فرزانہ اور تہمینہ نے معاملے کو دبانے کی کوشش کی تھی ۔ معاملے کو دبانے والی ٹیچرز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے ۔ میری بچی کے ساتھ زیادتی کی گئی ۔پولیس ملزم کو گرفتار کرئے ۔ نشتر کالونی پولیس نے آئی جی پنجاب کے نوٹس کے بعد مقدمہ درج کیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلا ش جاری ہے ۔ میڈیکل کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے ۔
دریں اثنا بچی کے والد شہزاد ،چچا اوردادی خورشید بی بی نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے ویڈیو بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ اصل ملزم لڑکے کو چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے اور پولیس ہمارے ساتھ تعاون نہیں کررہی ہے ۔ ٹیچرز کی جانب سے بچی کو دھمکایا گیا کہ گھر جاکر کسی کو نہیں بتانا ۔چچا ثقلین نے کہا ہے کہ سکول انتظامیہ کے پاس شکایت لیکر گئے تو معاملہ رفع دفع کرنے کوکہا گیا۔سکول کی ٹرسٹی بیلہ رضا جمیل نے کہا ہے کہ والدین ابھی تک زیادتی کا کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے ہیں ۔