لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات میں داماد نے سسر کو دو بیٹوں سمیت قتل کر دیا، ملزم کی بیوی جھگڑے کے بعد اپنے آبائی گھر واپس آئی تھی جس کا ملزم کو رنج تھا۔
لاہور میں دن دیہاڑے تین افراد کو قتل کر دیا گیا، رام گڑھ میں داماد نے سسر اور 2 سالوں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں باپ سید حامد علی اور بیٹا فرخ علی موقع پر جاں بحق جبکہ زخمی شاہ رخ ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس اورفرانزک ٹیموں نے موقع پرپہنچ کر شواہد اکٹھے کئے، سی سی پی او فیاض احمد دیو نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی تین سال پہلے شادی ہوئی، گھریلو جھگڑے کے باعث بیوی میکے آئی تو ملزم نے سسرال آ کر فائرنگ کر دی۔ مقتولین کے اہل خانہ اوررشتہ داروں کا کہنا ہے کہ ملزم اپنے سسرال والوں سے مکان دینے کا مطالبہ کر رہا تھا۔
واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز کو موصول ہو گئی جس میں ملزم شاہ زیب کو صبح 8 بج کر 5 منٹ پر مقتولین کے گھر کی طرف جاتے دیکھا جاسکتا ہے، ٹھیک ایک منٹ بعد ملزم فائرنگ کرکے بھاگتا اور گاڑی میں فرار ہوتے نظر آ رہاہے۔
مقتولین کے رشتہ داروں کے مطابق قتل ہونے والا شاہ رخ کچھ دن پہلے ہی بیرون ملک سے وطن واپس لوٹا تھا۔