کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں 900 سے زائد مقامات گداگروں کے مراکز بن گئے۔ کورونا وائرس کے بعد شہر کی رونقیں مکمل بحال ہوئیں تو گداگروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو گیا۔
22 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی پر گداگروں کی یلغار، شہر قائد کے ہر 40 افراد کے تعاقب میں ایک گداگر ہے۔ سماجی ماہرین کے مطابق شہر کے ٹریفک سگنلز، بازار، مساجد، ہسپتالوں سمیت 900 سے زائد مقامات پر لگ بھگ پانچ لاکھ گداگروں کا راج ہے۔
پیشہ ور گداگر کسی طورپر مالی امداد کے مستحق نہیں، شہری کہتے ہیں بھکاری مانگتے ہوئے تنگ کرتے ہیں، اکثر یہ جرائم میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔
شہرمیں یہ گداگر ریلوے اسٹیشنوں اور پلوں کے نیچے رہائش پذیر نظر آتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق حکومت کی جانب سے بنائے گئے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ بیشتر خالی ہیں جن کی وجہ سے جوانوں، خواتین سمیت بچے بھی اس مافیا کا حصہ نظر آتے ہیں۔