فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں تھانہ ملت ٹاون کے علاقے میں خواتین کو چوری کے الزام میں مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بنانے اور برہنہ کر کے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے مزید دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی مجموعی تعداد 5 ہو چکی ہے۔
فیصل آباد میں تھانہ ملت ٹاوّن کے علاقے لاثانی پُلی کے قریب واقع الیکٹرونک شاپ کے مالک عثمان کی جانب سے مبینہ طور پر اپنے ملازمین اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ بھیک مانگنے کیلئے آنے والی خواتین کو مبینہ طور پر چوری کے الزام میں دھر لیا تھا اور بھرے بازار میں تشدد کا نشانہ بنانے کے ساتھ تلاشی لینے کے بہانے خواتین کو مبینہ طور پر برہنہ کرکے نازیبا حرکات بھی کی گئیں جبکہ خواتین کی قابل اعتراض ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر بھی وائرل کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ پولیس کو متعدد بار کالز کرنے کے باوجود بھی پولیس موقع پر پہنچ کر کارروائی کرنے کی بجائے منظر عام سے غائب رہی البتہ سوشل میڈیا پر فوٹیج وائرل ہونے پر سی پی او ڈاکٹر عابد اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن موقع پر پہنچ گئے۔ جس پر تھانہ ملت ٹاوّن پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے 5 ملزمان کو حراست میں لےلیا جبکہ فوٹیج کی مدد سے مزید ملزمان کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔