سرگودھا:بھتہ خوروں سے تنگ محنت کش خاتون نےخود کو آگ لگالی

Published On 07 December,2021 09:32 pm

سرگودھا:(دنیا نیوز)بھتہ خوروں کی طرف سے مقررہ رقم نہ دینے پر سستے بازار سے سٹال ختم کرنے پر غریب کنبے کی واحد کفیل محنت کش خاتون نے احتجاج کرتے ہوئے بھرے بازار میں خود پر پٹرول چھڑک کر آ گ لگا لی جس سے وہ بری طرح جھلس گئی جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے اور بازار کو ختم کروا دیا گیاہے۔

سرگودھا میں علی پارک جٹ چوک میں لگنے والے منگل بازار میں ایک عرصہ سے بھتہ خوری کی شکایات موصول ہو رہی تھیں مگر اس کے باوجود انتظامیہ نے کوئی ایکشن نہیں لیا، گزشتہ روز ملک جبار، توصیف اور عابد نے نورین نامی خاتون جو کہ پرانے کپڑے فروخت کر کے اپنے بچوں کا پیٹ پالتی تھی کو بھتہ کی مقررہ رقم نہ دینے پر سٹال اٹھوایا تو وہ چیخ و پکار کرتے ہوئے احتجاج کرنے لگی ۔

خاتون کے احتجاج کے باوجود کسی کو ترس نہ آیا جس سے اس نے دلبرداشتہ ہو کر خود پر پٹرول چھڑک کر آ گ لگالی جس کے باعث وہ بری طرح جھلس گئی، موقع پر موجود افراد نے بمشکل آگ بجھائی، خاتون کا چہرہ اور60فیصدجسم بری طرح جھلس گیا۔

ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر خاتون کو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ڈاکٹر ز نے تشویش ناک حالت کے باعث اسے لاہور ریفر کر دیا۔

ادھرواقعہ کے بعد سستے بازار میں ورثاءاور اہل علاقہ غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے جمع ہو گئے جنہوں نے زبردستی بازار ختم کروا دیا، اس دوران بھتہ خور فرار ہو گئے ،اطلاع ملنے پر پولیس کارروائی کرنے میں ہے۔

سٹالز ہولڈر نے بتایا کہ یہاں محنت کش طبقے کے افراد دیہاڑی لگانے آتے ہیں جنہیں مذکورہ افراد پہلے بھی اسی طرح تنگ کر تے ہیں اور زبردستی وصولیاں کی جاتی ہیں۔
 

Advertisement