کراچی: (دنیا نیوز) شارع فیصل پراوباش نوجوان کو لڑکی کو ہراساں کرنا مہنگا پڑ گیا، کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے شاہراہ فیصل پر لڑکی کو ہراساں کرنے کے کیس میں ملزم حمزہ کو دو ماہ قید کی سزا اور 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔
کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نیاز حسین کلہوڑو نے مختصر وقت میں کیس کا فیصلہ سنا دیا، عدالت نے رکشہ سوار لڑکی کو ہراساں کرنے پر ملزم حمزہ کو دو ماہ قید کی سزا سنا دی جبکہ ملزم پر 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا، جرمانہ نہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ایک ہفتے مزید قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
پولیس کے مطابق 17 جولائی کو ملزم حمزہ نےدوستوں کے ہمراہ رکشے میں سوار لڑکی کا پیچھا کیا تھا، ملزمان نے لڑکی کو ہراساں کیا اورغلط زبان استعمال کرتے رہے، متاثرہ لڑکی نے اوباش نوجوانوں کی ویڈیو ریکارڈ کی تھی، ملزمان نے ویڈیو بنانے پر متاثرہ لڑکی کا ہاتھ پکڑا اور نا مناسب الفاظ استعمال کیے تھے، ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں شاہراہ فیصل تھانے میں مقدمہ درج کیا تھا۔