پاکستانی نژاد امریکی خاتون کے اغوا کا کیس حل، سابق شوہر نے قتل کا اعتراف کر لیا

Published On 25 December,2021 04:15 pm

راولپنڈی، (دنیا نیوز) اغوا ہونے والی پاکستانی نژاد امریکی خاتون کے اغوا کا کیس حل ہوگیا، وجیہہ سواتی اغواء کیس کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے، سابق شوہر رضوان حبیب نے وجیہہ کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق سابق شوہر رضوان حبیب نے وجیہہ کے قتل کا اعتراف پولیس تفتیش کے دوران کیا۔ ملزم نے اپنی سابقہ اہلیہ کو پاکستان پہنچتے اغوا کیا تھا۔

 دوسری طرف سی پی او راولپنڈی ساجد کیانی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ وجہیہ سواتی کا کیس زیر تفتیش ہے زیادہ بات نہیں کرسکتے، 16 اکتوبر کو وجیہہ پاکستان آئی اور ان کے سابق شوہر نے انہیں رسیو کیا، آئی جی پنجاب نے اس کیس کا نوٹس لیا، وجیہہ کو رسیو کرنے کے بعد ان کا سابق شوہر انہیں کے پی لے گیا اور وہاں دفن کیا، لکی مروت سے وجیہہ کی میت مل گئی ہے، انہیں اسلام آباد لایا جارہا ہے، وجیہہ کیس کی رپورٹنگ کے بارے میں پولیس کا موقف بھی چلایا جائے۔

 ان کا کہنا تھا کہ رضوان حبیب اس کا والد اور ایک ملازم گرفتار ہے، وجیہہ قتل کیس کی تفتیش جاری ہے مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں، امریکی ایمبیسی یا انٹرنیشنل میڈیا کا کوئی پریشر نہیں، پولیس کام قانونی طریقے سے کررہی تھی اور کررہی ہے، جب سارے ثبوت اور شواہد پولیس کے پاس جمع ہوئے تو گرفتاریاں ہوئیں، وجیہہ کی فیملی کے ساتھ پولیس مسلسل رابطے میں تھی، وجیہہ کا قتل راولپنڈی میں کیا گیا اور لاش کے پی منتقل کی گئی، کیس کی انٹرنیشنل رپورٹنگ ہورہی ہے لہذا پولیس کا موقف جاننا ضروری ہے، تفتیش کے دوران وجیہہ کے سابق شوہر کو مسلسل بلایا جارہا تھا، جب پولیس نے پوری تفتیش مکمل کی تو انکے سابق شوہر کو گرفتار کیا گیا۔

Advertisement