راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں آسٹریلین ہائی کمشنر نے الوداعی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا افغانستان میں انسانی المیہ سے بچنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے، افغانستان میں امن اور مفاہمت کی کوششیں انتہائی اہمیت رکھتی ہیں۔
آرمی چیف نے پاکستان میں شاندار خدمات سرانجام دینے پر آسٹریلین ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے دونوں ممالک میں تعاون کے فروغ کے لیے بھی ہائی کمشنر کے کردار کو سراہا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ افغانستان اور خطہ میں امن کے لیے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے، پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے فروغ کے لیے کام جاری رہے گا۔