آرمی چیف سے جرمنی کے خصوصی نمائندے کی ملاقات، افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

Published On 18 December,2021 02:48 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان اور پاکستان کیلئے جرمنی کے خصوصی نمائندے نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکورٹی اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان اور پاکستان کیلئے جرمنی کے خصوصی نمائندے جیسپر وئیک نے ملاقات کی، افغانستان میں امدادی کاموں کے لئے تعاون اور شراکت داری کے امور بھی زیر غور آئے۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی امور میں جرمنی کے کردار کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان جرمنی کے ساتھ باہمی تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے، غیر مستحکم اور اقتصادی طور پر دیوالیہ افغانستان دنیا کیلئے بہتر نہیں، افغانستان کے حوالے سے سنجیدہ اور بامقصد عالمی کوششوں سے افغانستان میں انسانی بحران سے بچا جا سکتا ہے۔ آرمی چیف نے پرامن افغانستان اور مصالحتی عمل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

جرمن خصوصی نمائندے نے افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کے کردار، بالخصوص بارڈر مینجمنٹ اور خطے میں استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
 

Advertisement