علاقائی امن کیلئے تمام پڑوسیوں کیساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں: آرمی چیف

Published On 16 December,2021 04:41 pm

راولپنڈی (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ علاقائی امن، خوشحالی کے لیے تمام پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے جاپان کے سفیر نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی اور افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران جاپانی سفیر نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، علاقائی استحکام کے لیے خصوصی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔

ملاقات کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں انسانی المئیے کو روکنے کیلئے امداد پہنچانے کے لئے فوری طور پر ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی فوری ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کا خواہاں ہے ، علاقائی امن، خوشحالی کے لیے تمام پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کاپرامن حل ضروری ہے۔

دوسری طرف آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ برطانوی چیف آف ڈیفنس سٹاف ایڈمرل سر انٹونی ڈیوڈ کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ باہمی دلچسپی، فوجی تعاون، علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغانستان میں سلامتی، انسانی بحرانی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ایڈمرل سر انٹونی کو نئی تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تقرری سے دوطرفہ تعاون مزید مستحکم ہو گا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ برطانوی ایڈمرل نےافغانستان کی صورتحال میں پاکستان کےکردارکوسراہا ہے ۔برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی علاقائی استحکام کیلئےپاکستان کےکردارکی تعریف اور پاکستان کیساتھ ہرسطح پر سیکیورٹی تعاون کوفروغ دینےکےعزم کااعادہ کیا۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ادارہ جاتی میکانزم کی تشکیل کی ضرورت ہے، افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

Advertisement