کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے کشمیر روڈ پر نوجوان شاہ رخ کو قتل کرنے والے پولیس اہلکار نے اپنے ہی پیٹی بھائیوں کے خوف سے خودکشی کرلی۔
کراچی میں سٹریٹ کرائم بڑا مسئلہ ہے تاہم محافظوں کا ہی شہریوں کو لوٹنے کا سلسلہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ ایک ہفتہ قبل کشمیر روڈ پر ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان شاہ رخ کا قاتل بھی پولیس اہلکار نکلا۔
شاہ رخ چند دن قبل ہی دلہا بنا تھا۔ اس نے ایک جمعرات شیروانی پہنی تودوسری جمعرات کفن پہن لیا۔ 13 جنوری کو جب گھر کے باہر اسٹریٹ کرمنل بہن کے ہاتھ سے چوڑیاں لوٹ رہا تھا۔ ماں نے گھر کی بیل بجائی اور دروازہ کھلتے ہی بے حس درندے نے شا ہ رخ کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
ملزم کی تلاش میں ایس آئی یو پولیس نے گلشن اقبال میں چھاپہ مارا تو ملزم کی لاش گھر سے برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم ڈسٹرکٹ ویسٹ شعبہ تفتیش کا پولیس اہلکار نکلا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم فرزند علی جعفری اس سے قبل بھی 3 مقدمات میں جیل جا چکا۔ اس نے اپنے ہی پیٹی بھائیوں اور گرفتاری کے خوف سے اپنے اسلحے سے خودکشی کی۔ مقتول کے بھائی نے ملزم کی ہلاکت کو انصاف کے مترادف قرار دیا۔