پتوکی:(دنیا نیوز) قصور کی تحصیل پتوکی میں انسانیت دم توڑ گئی، محض الزام کی بنیاد پر باراتیوں نے بدترین تشدد کرکے پاپڑ بیچنے والے کو قتل کردیا اور نعش شادی ہال میں رکھ کر مزے سے کھانا کھاتے رہے۔
پتوکی میں نجی شادی ہال میں آئے باراتیوں کے مبینہ تشدد سے جاگو والا کا محنت کش اشرف عرف سلطان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
پتوکی پولیس ذرائع نے بتایا کہ اشرف سلطان پاپڑ بیچتے ہوئے بعض اوقات آنے والی باراتوں میں پھینکے جانے والے روپے لوٹنا بھی شروع کر دیتا تھا۔ شادی ہال پتوکی میں آئے باراتیوں کی جانب سے نواحی علاقہ جاگو والہ چک 4 کے رہائشی اشرف عرف سلطان پر باراتیوں نے جیب تراشنے کے الزام میں وحشیانہ تشدد کرتے ہوئے محنت کش شخص کو جان سے مار دیا اور گھسیٹے ہوئے شادی ہال کے اندر لے گئے۔
باراتیوں اور شادی ہال عملہ نے ظلم اور بے حسی کی انتہا کر دی، لاش قریبی فرش پر پڑی رہ اور وہ مزے سے کھانا کھاتے رہے۔
تھانہ سٹی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو تحویل میں لیا اور پوسٹ مارٹم کیلئے ریسکیو ٹیم نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پتوکی منتقل کردیا، جہاں سلطان کا پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد موت کی وجوہات جاننے کے لیے نمونے لاہور لیبارٹری میں بھجوا دئیے ہیں۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شادی ہال کے مینجر کو حراست میں لے کر ابتدائی تفتیش کا آغاز کردیا، تشدد سے زندگی کی بازی ہارنے والے شخص کے ورثاء اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے، سلطان کے بھائی کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت نامعلوم افراد جو بارات میں شامل تھے ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کے نوٹس کے بعد پولیس نے قصور کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے بارات میں شامل 12 افرد کو بھی گرفتار کر لیا ہے جن سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے، متوفی کو آبائی گاؤں جاگو والا میں سپرد خاک کر دیا گیا، ورثا نے احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔