کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پولیس اور متعلقہ اداروں کی مبینہ بھتہ خوری کے سبب شہر کےمصروف مقامات اور چھوٹی بڑی شاہراہوں پر تجاوزات مافیا کو کھلی چھوٹ مل گئی۔ ٹھیلے اور پتھاروں کی بھرمار کے باعث شہری فٹ پاتھ پر پیدل چلنے کے حق سے بھی محروم ہیں۔
شہر قائد سے تجاوزات کا خاتمہ کڑا چیلنج بن گیا، کئی سالوں سے انسداد تجاوزات کارووائیاں جاری ہیں مگر متعلقہ اداروں کو کامیابی نہ مل سکی۔ شہر کی سڑکوں اور مصروف مقامات پر تجاوزات کی بھرمار سے ٹرِیفک مسائل اور حادثات معمول بن گئے، شہری فٹ پاتھ پر چلنے کے حق سے بھی محروم ہیں۔
شہر میں تجاوزات کی بھرمار متعلقہ اداروں کی مبینہ ملی بھگت کو ظاہر کر رہی ہے، شہری کہتے ہیں کہ پولیس اور ٹریفک پولیس سمیت تمام متعلقہ ادارے تجاوزات کو تحفظ دینے اور بھتہ وصولی میں ملوث ہیں۔
سڑکوں پر ٹھیلے اور پتھارے لگانے والے افراد بھی پولیس اور متعلقہ اداروں کے عملے کی بھتہ خوری پر پھٹ پڑے۔ کہتے ہیں کہ آمدنی ہو یا نہ ہو بھتہ دینے پر مجبور ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب بھی تجاوزات کا کوئی حل نہ نکال سکے، کہتے ہیں کہ شہری ساتھ دیں تو اس مسلہ سے نمٹا جاسکتا ہے۔ پولیس اور متعلقہ عملے کی مبینہ ملی بھگت کے باعث شہر میں تجاوزات کم ہونے کے بجائے بڑھتی جارہی ہیں جس سے مسائل میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔