لاہور:(دنیا نیوز) پولیس نے 10 کروڑ تاوان کے لیے اغوا ء کئے گئے 5 سالہ بچے عریض کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
سی آئی اے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بچے کو بازیاب کرایا اور اسے اس کے والدین کے حوالے کر دیا۔ بچے کو سندر کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا، دو موٹرسائیکل سواروں نے عریض کو اغوا کیا جنہوں نے ماسک لگا رکھے تھے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کامران عادل نے قلعہ گجر سنگھ میں پریس کانفرنس کرکے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان سجاد اور اکرم کو گرفتار کرکے ان سے جدید اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے، مفرور ملزمان مہوش، شہباز اور اویس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، 13مئی کی شام بچے کو 10 کروڑ روپے تاوان کے لیے پارک سے اغواء کیا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بچے کی بازیابی پر لاہور پولیس اور تفتیشی ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ بچے کی بحفاظت بازیابی پر اللہ تعالٰی کا شکر بجا لاتے ہیں۔