لاہور:(دنیا نیوز) بلیغ الرحمان نے بطور گورنر پنجاب حلف اٹھا لیا۔
حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس ہوئی جس میں چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا، سادہ اور پروقار تقریب میں بلیغ الرحمان نے گورنر کے منصب کا حلف اٹھایا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز، پارلیمنٹیرینز، لاہور ہائیکورٹ کے جج صاحبان ، صوبائی سیکرٹریز کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے حلف کے بعد گورنر بلیغ الرحمان کو نئی ذمہ داری کی مبارکباد دی اور کہا کہ بلیغ الرحمان گورنر پنجاب کے منصب کوعوام کی فلاح کیلئے استعمال کریں گے، ہم ملکر صوبے کے عوام کی خدمت کریں گے، آج آئین اور قانون کی دھجیاں اڑانے والو ں کو شکست ہوئی ہے۔