اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ میرے دفتر کو پنجاب پولیس نے یرغمال بنایا ہوا ہے، سسلین مافیا جو کر رہا ہے عوام کے سامنے ہے، عدالتوں میں انصاف نہیں ملے گا تو عوام سڑکوں پر نکلیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ صدر پاکستان کو آئین کے تحت رپورٹ بھیجی تھی، آئینی طور پر وزیراعلیٰ آفس خالی نہ ہونے کے باوجود انتخاب کرایا گیا، آئین میں کہیں موجود نہیں کہ سپیکر قومی اسمبلی وزیراعلیٰ سے حلف لے۔ عثمان بزدار نے جو استعفیٰ دیا وہ غیرآئینی تھا۔
انہوں نے کہا کہ میرے دفتر کو پنجاب پولیس نے یرغمال بنایا ہوا ہے، مجھ سے گاڑیاں اور سکیورٹی واپس لے لی گئی، بطور گورنر پنجاب وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کوخط لکھا، سسلین مافیا جو کچھ کر رہا ہے قوم کے سامنے ہے، عدالتوں میں انصاف نہیں ملے گا تو عوام سڑکوں پر نکلیں گے، عوام کو باہر نکلنے کیلئے مجبور نہ کیا جائے۔