لاہور: گھر سے ملنے والی لاش کی شناخت عمران رضا کے نام سے ہوگئی

Published On 14 June,2022 04:49 pm

لاہور:(دنیا نیوز) فیصل ٹاؤن کے علاقے میں گھر سے لاش ملنے کا معاملہ، مقتول کی شناخت ایڈیشنل کمشنر ریونیو عمران رضا عباسی کے نام سے ہوئی، سی سی پی او نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔

پولیس کے مطابق عمران رضا عباسی ریونیو کے محکمے میں ایڈیشنل کمشنر کے عہدے پر فائز تھے ان کا 2 روز قبل اسلام آباد سے لاہور تبادلہ ہوا، ڈرائیور نے صبح ناشتہ دینے کے لئے دستک دی تو جواب نہ ملا ڈرائیور نے شک گزرنے پر پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے لاش تحویل میں لے کرمردہ خانے منتقل کر دی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ خودکشی لگتا ہے،عمران رضا عباسی ڈپٹی سیکرٹری فیڈرل ایجوکیشن تعینات تھے، 21 مئی 2022ء کو وفاق سے پنجاب میں تبادلہ ہوا، چند روز قبل لاہور میں ایڈیشنل کمشنر ریونیو کے عہدے پر تعینات ہوئے، عمران رضا عباسی بہاولپور میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اور ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن فیصل آباد بھی رہے۔

عمران رضا عباسی کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو گروپ سے تھا اور وہ گوجرانوالہ کے رہائشی تھے، مقتول کے فیملی سے کچھ معاملات چل رہے تھے۔
 

Advertisement