پشاور: (دنیا نیوز) ایف آئی اے سائبرکرائم سرکل ایبٹ آباد نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2022 کے پیپرز لیک کرنے میں ملوث 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ایبٹ آباد میں کارروائی کی گئی جس کے دوران میٹرک کے سالانہ امتحانات سال 2022 میں پیپر لیک کرنے والے 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتارملزمان میں سرکاری اور نجی سکولوں کے اساتذہ و دیگرشامل ہیں۔ ملزمان نے بدعنوانی اور دھوکہ دہی کے ارادے سے امتحانی پرچوں کے سکرین شاٹس حاصل کیے اور واٹس ایپ کے ذریعے پیپرز کو لیک کیا۔
ملزمان کے اس گھناونے فعل سے شفاف امتحانی عمل کا سارا تقدس اور اعتبار مشکوک ہوا، ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل ایبٹ آباد نے ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ اور تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کردیں۔