اسلام آباد:(دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) نے اسلام آباد سے شارجہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کرلیے۔
اے این ایف کی منشیات اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ، اسلام آباد ایئر پورٹ پر شارجہ جانیوالے ملزم کے پیٹ سے ہیروئن سے بھرے53کیپسول برآمد کرلیے گئے ۔
فیصل آباد ایئرپورٹ پر مسافر کے سامان سے 1کلوگرام سے زائد آئس برآمد کرلی گئی ، گرفتار ملزم منڈی بہاء الدین کا رہائشی ہے۔
علاوہ ازیں اے این ایف نے چمن بائی پاس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 1604 لیٹر ممنوعہ کیمیکل برآمد کرلیا ۔
اے این ایف کی جانب سے ایک اور کارروائی میں کوئٹہ ہزار گنجی چوک کے قریب بس سے 50 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی ۔
اے این ایف کی جانب سے تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔