کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے کمسن بچے کو فیس بک پر ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم فیس بک کے ذریعے کمسن بچے کو ہراساں کرنے میں ملوث تھا، ملزم 14 سالہ بچے کو دھمکیاں بھی دے رہا تھا، ملزم محمد اشرف کو کراچی سے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کے زیر استعمال موبائل فون کو ایف آئی اے سائبر کرائم کی ٹیم نے قبضے میں لے لیا ہے، ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج تھا۔