کراچی : (دنیا نیوز) کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی کے مقتول طالبعلم بلال ناصر کو انصاف مل گیا، اُردو یونیورسٹی کے قریب بلال قتل کیس کا مرکزی ملزم جمعہ خان عرف لالی پولیس مقابلے میں مارا گیا ۔
ایس ایس پی ایسٹ کراچی کے مطابق اردویونیورسٹی کے قریب پولیس نے چھاپہ مارا جس پر ملزم نے فائرنگ کردی ، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں جمالی گوٹھ کا رہائشی ملزم جمعہ خان مارا گیا ۔
انتہائی مطلوب ملزم جمعہ خان کیخلاف ٹاون تھانے میں مقدمہ درج تھا۔
پولیس کے مطابق 15 دسمبر کو ہوٹل پر بیٹھے طالبعلم کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کر دیا تھا ، واقعے میں ملوث ایک ملزم نظام الدین کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ملزم جمعہ خان عرف لالی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔