کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر طالبعلم کا قتل، مرکزی ملزم گرفتار

Published On 16 December,2022 03:32 pm

کراچی (دنیا نیوز ) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں این ای ڈی یونیورسٹی کے طالبعلم کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کرنے والے دو ملزمان میں سے ایک کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے پانچ رکنی کمیٹی بنائی تھی جس نے رات بھر کارروائیاں کرتے ہوئے تکنیکی بنیادوں پر ایک ملزم نظام کو صبح 3 بجے گرفتار کرلیا، جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

گزشتہ روز این ای ڈی یونیورسٹی کے 21 سالہ طالبعلم بلال ناصر کو یونیورسٹی روڈ پر این ای ڈی یونیورسٹی کے باہر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا، مقتول فیڈل بی ایریا کا رہائشی اور این ای ڈی یونیورسٹی کے شعبۂ پیٹرولیم میں تھرڈ ایئر کا طالب علم تھا۔