کراچی: 24 گھنٹے میں 149 سٹریٹ کرائم، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو رپورٹ پیش

Published On 11 January,2023 11:50 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کراچی پولیس کی جانب سے دن بھر کی ورکنگ رپورٹ موصول ہو گئی جس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی میں سٹریٹ کرائم کی 149 وارداتیں ہوئیں۔

تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کو ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید اوڈھو نے دن بھر کے جرائم پر مبنی رپورٹ پیش کی، ایڈیشنل آئی جی کے مطابق 149 وارداتوں میں 62 میں موبائل اور نقدی چھینی گئی، 4 کاروں سمیت 61 موٹرسائیکلیں چوری ہونے کی وارداتیں بھی رپورٹ ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق 149 سٹریٹ کرائم میں ضلع شرقی 46، وسطی 41، کورنگی 21، غربی 15 شامل ہیں، ضلع ملیر اور سٹی 8، 8 جنوبی اور کیماڑی میں 5، 5 سٹریٹ کرائم کیسز رپورٹ ہوئے، سٹریٹ کرمنلز نے سرجانی پولیس تھانے کی حدود میں ایک شخص کو مزاحمت کرنے پر قتل کیا، سٹریٹ کرمنلز نے مزاحمت پر عظیم نامی کو سپر مارکیٹ پولیس ضلع وسطی کی حدود میں زخمی کیا۔

پولیس نے رپورٹ میں بتایا کہ سٹریٹ کرائم کی روک تھام میں پولیس نے 5 انکاؤنٹر کئے، جن میں 7 سٹریٹ کرمنلز زخمی حالت میں گرفتار کئے گئے، 13 سٹریٹ کرمنلز واردات کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، پولیس نے ضلع شرقی، کورنگی، غربی اور کیماڑی میں 4 سرچ آپریشن کئے، پولیس نے مجموعی طور پر 123 ملزمان کو دن بھر میں گرفتار کیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 30 سٹریٹ کرمنلز، 2 قاتل، 20 غیرقانونی اسلحہ، 22 منشیات فروشی اور 48 دیگر جرائم میں ملوث ملزموں کو گرفتار کیا ، کراچی پولیس نے دن بھر میں 12 کار لفٹرز کو گرفتار کیا۔

کراچی پولیس نے 18 غیر قانونی پستول، 40 کلو چرس، 12 چھینے گئے موبائل فون برآمد کئے، 30 مسروقہ گاڑیاں جس میں 4 کاریں اور 26 موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔