راولپنڈی: (دنیا نیوز) سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے نے راولپنڈی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جڑواں شہروں میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق مشترکہ کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دو انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا، دہشتگردوں کا تعلق تحریک طالبان کے حاجی فقیر گروپ سے ہے، دہشتگردوں کی شناخت حیات اللہ اور وکیل خان کے نام سے ہوئی ہے۔
تفتیش میں انکشاف ہوا کہ دہشتگردوں نے خودکش حملہ آوروں کے ساتھ راولپنڈی پولیس لائنز پر حملہ آور ہونا تھا، تھانہ صدر بیرونی، ڈسٹرکٹ کورٹس راولپنڈی، سینٹ پال چرچ حاجی فقیر گروپ کا ٹارگٹ تھے، کانونٹ سکول راولپنڈی، پولیس لائنز اسلام آباد سمیت دیگر حساس مقامات پر بھی تخریبی کارروائیوں کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔
سی ٹی ڈی حکام نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشتگردوں نے تمام مقامات کی ریکی کر کے تصاویر ٹی ٹی پی کمانڈر افغانستان کو بھجوائیں، حاجی فقیر گروپ افغانستان سے آپریٹ کر رہا ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔