وزیرآباد: (دنیا نیوز) سول ہسپتال میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے سعودیہ پلٹ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق محلہ کانواں والا کارہائشی دانیال چند روز قبل وطن واپس آیا تھا، علاج کی غرض سے سول ہسپتال آیا جہاں دوران علاج اس کی موت واقع ہوگئی، ورثاء نے الزام لگایا کہ نوجوان کی موت غلط انجکشن لگانے کی وجہ سے ہوئی۔
ورثاء سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے ہسپتال میں احتجاجی مظاہرہ شروع کردیا جس سے ایمرجنسی سروسز معطل ہوگئیں، مظاہرین نے ہسپتال کے دروازے بند کر دئیے۔
ڈاکٹر کو پولیس کی وردی میں ہسپتال سے نکال کر تھانے لے جانے کے معاملے پر شہریوں اور پولیس میں تصادم شروع ہوگیا، جس پر پولیس کی بھاری نفری کو ہسپتال طلب کرلیا گیا۔
پولیس حکام کی جانب سے کہا گیا کہ متاثرہ فیملی درخواست دے قانون کے مطابق کارروائی کریں گے، پولیس کی جانب سے کارروائی کرنے کی یقین دہانی پر ڈاکٹر کو تھانہ سٹی منتقل کر دیا گیا۔