اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کے تفتیشی افسران کی جانب سے ریمانڈ کے دوران ملزمان پر تشدد کرنے کا انکشاف سامنے آ گیا۔
سینٹرل جیل اڈیالہ کے ڈاکٹر کی میڈیکل رپورٹ نے غیر ملکی سمیت دو ملزمان پر تشدد کی تصدیق کی ہے، سائبر کرائم سیل کے ایس ایچ او میاں عرفان نے جیل عملہ پر رشوت مانگنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ نائیجرین بلیک ہوتے ہیں ان کو ایک تھپڑ مارو تو چمڑی مزید بلیک ہو جاتی ہے، میرا اختیار ہے جو مرضی لکھ کر بھیج دوں۔
غیر ملکی باشندے چینیڈو اور ملزم مبین علی پر دوران ریمانڈ تشدد کیا گیا، غیر ملکی باشندہ فراڈ کے مقدمہ میں گرفتار ہوا جبکہ مبین علی خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار ہے۔
جیل کے ڈاکٹرز نے تشدد کی رپورٹ سینئر سول جج کو بھی بھیج دی، ملزمان کا 8 فروری کو اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ کیا گیا جس سے معلوم ہوا دونوں کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں، ملزمان نے بیان دیا کہ دوران ریمانڈ ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کے افسران نے تشدد کیا۔