کراچی : ڈیفنس خیابان بدر سے 8 سالہ بچہ مبینہ طور پر اغوا، مقدمہ درج

Published On 28 February,2023 03:41 am

کراچی : ( دنیا نیوز ) شہر قائد کے علاقے ڈیفنس خیابان بدر سے 8 سالہ بچے کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مغوی بچے کے والد ملک وقاص کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف گزری تھانے میں اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

مغوی بچے کے والد کے مطابق عبداللہ شام کے وقت گھر سے باہر گیند اٹھانے گیا ، گھر کے باہر ساڑھے 7 بجے ایک سفید گاڑی آ کر رکی تھی، شبہ ہے کہ گاڑی میں سوار افراد نے میرے بیٹے کو اغوا کیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، بچے کے والد کی فراہم کردہ فوٹیج میں مشکوک گاڑی نظر آ رہی ہے لیکن گاڑی کے شیشے کالے اور اندر بیٹھے افراد کے چہرے واضح نہیں ہیں۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ فوٹیج میں گاڑی کا نمبر بھی واضح نہیں ہے تاہم گھر کے اطراف لگے دیگر کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں، جلد ملزمان کو ٹریس کر لیا جائے گا۔