چونیاں: (دنیا نیوز) چھانگا مانگا روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل میں خوفناک حادثہ ہوا جس میں ایک شہری اپنی بیوی اور بیٹی سمیت جان کی بازی ہار گیا۔
حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت بشیر، صغراں بی بی اور 8 سالہ بچی فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے، جاں بحق افراد کا تعلق رائیونڈ سے بتایا گیا ہے۔
زخموں میں عثمان اور عمر شامل ہیں جن میں سے ایک کو تشویشناک حالت میں لاہور ریفر کر دیا گیا، جاں بحق اور زخمیوں کا ایک ہی بدقسمت خاندان سے تعلق ہے، لاشوں اور زخمیوں کو رورل ہیلتھ سنٹر چھانگا مانگا منتقل کیا گیا ہے۔
حادثے کا ذمہ دار ٹریکٹر ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہوگیا، پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل کو قبضہ میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔