رحیم یار خان: (دنیا نیوز) موٹر وے ایم فائیو پر المناک حادثے میں اہم پیشرفت ہوئی، حادثے کا مقدمہ موٹر وے پولیس کی مدعیت میں سرکاری جیپ سوار کے خلاف درج کر لیا گیا۔
حادثے کی ذمہ دار سرکاری جیپ قرار دیدی گئی، ڈی پی او رحیم یارخان رضوان عمر گوندل کے مطابق سرکاری جیپ کسٹم آفیسر کی ہے جو تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں، درج مقدمے میں کسٹم آفیسر کو نامزد کیا گیا۔
پولیس کے مطابق جیپ سوار کی لاپرواہی سے 13 قیمتی انسانی جانیں ضائع اور 20 زخمی ہوئے، ترجمان شیخ زید ہسپتال نے بتایا کہ جیپ سواروں سمیت 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
المناک حادثہ مسافر وین کا ٹائر پھٹ جانے کے باعث پیش آیا، حادثے کا شکار وین کے زخمیوں کو ریسکیو کیا جارہا تھا پیچھے سے آنے والی سرکاری جیپ نے ریسکیو کرنے والوں کو کچل دیا۔
واضح رہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔