راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی اور گردونواح میں غیر قانونی طورپر بسنت منائی گئی، ڈور پھرنے اور فائرنگ کے واقعات میں بچی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کھبہ میں فائرنگ سے نوجوان ارحم اور موہن پورہ میں بچی جاں بحق ہوئی جبکہ نوجوان وقاص گلے پر ڈور پھرنے سے جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس کے مطابق ڈور پھرنے سے 17 اور ہوائی فائرنگ سے 9 افراد زخمی ہوئے جبکہ چھت سے گرنے کے واقعات میں 40 کے قریب شہری زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں ، پولیس کی جانب سے 100 سے زائد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب نگراں وزیر اعلیٰ نے فائرنگ سے جاں بحق ہونے کے واقعات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔
نگراں وزیر اعلیٰ نے کمشنر راولپنڈی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے پیشگی انتظامات کیوں نہیں کیے گئے۔