شیخ رشید کا پولی کلینک میں طبی معائنہ مکمل، تھانہ سیکرٹریٹ منتقل

Published On 02 February,2023 06:05 am

راولپنڈی : ( دنیا نیوز ) سربراہ عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل ) اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا پولی کلینک ہسپتال میں طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد انہیں تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے سربراہ عوامی مسلم لیگ کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرنے کے بعد تھانہ آبپارہ منتقل کیا گیا تاہم انہیں بعدازاں پولی کلینک ہسپتال میں لایا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔

سابق وفاقی وزیر کی پولی کلینک آمد سے قبل ان کے حمایتیوں اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے کارکنان کی بڑی تعداد کلینک میں موجود تھی جن کی جانب سے حکومت اور پولیس کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔

شیخ رشید احمد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ میری گرفتاری وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے کہنے پر ہوئی، یہ سارا کام وہی کروا رہے ہیں، میں انہیں نہیں چھوڑوں گا اور قانون کے مطابق کارروائی کروں گا، میری جان کو شدید خطرہ ہے۔

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

واضح رہے کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کو گرشتہ رات پولیس نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف بیان پر اسلام آباد کے رہائشی کی جانب سے درج کروائے گئے مقدمے میں گرفتار کر لیا ہے اور انہیں آج علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ 

Advertisement