کندھ کوٹ: عید ملنے کیلئے جانے والے 6 افراد کو اغواء کر لیا گیا

Published On 22 April,2023 11:13 pm

کندھ کوٹ: (دنیا نیوز) کندھ کوٹ میں ڈاکو راج پر قابو نہ پایا جا سکا، عید ملنے کیلئے جانے والے 6 افراد کو اغواء کر لیا گیا۔

مقامی پولیس ڈاکوؤں کے سامنے بے بس ہے، ضلع بھر میں ڈاکوؤں کی دہشت قائم ہونے پر شہری خوف کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے، تھانہ بی سیکشن کی حدود اوگاہی سٹاپ کے مقام پر مسلح افراد نے 8 افراد کو اسلحے کے زور پر اغوا کرنے کی کوشش کی جن میں سے 2 نے بھاگ کر خود کو بچا لیا تاہم دیگر 6 افراد کو ڈاکو اٹھا کر لے گئے۔

ڈاکوؤں سے بچنے والے ارشاد میرانی اور جاوید شیخ نے واقعے کے بعد پولیس کو اطلاع کر دی، دونوں نے پولیس کو بتایا کہ مسلح افراد ہمارے 6 دوستوں کو اغوا کر کے 3 موٹر سائیکلیں چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں، جن 6 افراد کو اغوا کیا گیا ہے ان میں محمد عیسیٰ ٹانوری، آصف شیخ، محراب ملک، اسماعیل بھنگوار، ماجد اور بیگ شیخ شامل ہیں۔

اغوا ہونے والے آپس میں دوست تھے اور عید ملنے تنگوانی گئے اور انہیں واپسی پر آتے ہوئے اغوا کیا گیا، واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی۔